01 ستمبر ، 2024
کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ کے رہائشی اپارٹمنٹ کے قریب کنویں میں گرنے والے 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے جن کی لاشوں کو نکال لیا گیا ہے۔
گارڈن ویسٹ میں فوارہ چوک کے قریب کھیل کے دوران ڈھکن ٹوٹنے سے 2 بچے کنویں میں گرگئے تھے، بچوں کو بچانےکے لیے نوجوان کنویں میں اترا تھا تاہم وہ بچوں کو نکالنے میں ناکام رہا اور بچوں کے ساتھ خود بھی جاں بحق ہوگیا۔
علاقہ مکین کے مطابق تینوں لاشوں کو مقامی افراد نے نکالا ہے،2 مزدور بغیر آکسیجن ماسک کنویں میں داخل ہوئے، دونوں مزدوروں نے بنا کسی اجرت کے لاشیں نکالیں جب کہ ریسکیو اہلکار آلات کے باوجود کنویں سے لاشیں نہ نکال سکے۔
ایک علاقہ مکین نے بتایا کہ ریسکیو ٹیم حادثے کے کافی دیر بعد پہنچی، ان کے پاس آکسیجن بھی موجود نہیں تھی، بروقت ریسکیو کیا جاتا تو بچوں کی جانیں بچائی جاسکتی تھیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق جاں بحق ایک بچے کی عمر 8 سال جبکہ دوسرے کی عمر 12 سال ہے، بچوں کی شناخت بدر اور طلحہ کے نام سے ہوئی ہے۔ بچوں کو بچانے کے لیے کنویں میں اترنے والا نوجوان پلمبر تھا جس کی شناخت فیضان کے نام سے ہوئی ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق 2 بچوں کے کنویں میں گرنےکی اطلاع پر ہم موقع پر پہنچے تھے، علاقےکا پلمبر بچوں کو بچانے رسے کے ذریعےکنویں میں اترا، پلمبر نے اندر جانے کے بعد آواز دےکر بتایا کہ آکسیجن کم ہے، پلمبر نے پانی بھی مانگا، اسے پانی کی بوتل بھی دی، شاید اس نے دونوں بچوں کو ساتھ باندھنےکے بعد رسا کھینچنےکو کہا۔
علاقہ مکینوں نے مزید بتایا کہ 10 سے 15 فٹ رسا کھینچا گیا تھا کہ رسا ٹوٹ گیا، واقعے کے 15،20 منٹ تک کنویں سے بچوں اور پلمبر کی آوازیں آرہی تھیں، بعد میں خاموشی ہوگئی، پھر کسی نے جواب نہیں دیا۔