Time 09 ستمبر ، 2024
پاکستان

ڈاکٹر اسرار اور حکیم سعید کی بانی پی ٹی آئی کے بارے میں رائے درست ثابت ہورہی ہے: احسن اقبال

ڈاکٹر اسرار اور حکیم سعید کی بانی پی ٹی آئی کے بارے میں رائے درست ثابت ہورہی ہے: احسن اقبال
اسرائیل کہہ رہا ہے بانی پی ٹی آئی پاکستان سے ہمارے تعلقات ٹھیک کرسکتے ہیں: وفاقی وزیر کا جلسے سے خطاب__فوٹو: فائل

شکر گڑھ: وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ 20 سال پہلے ڈاکٹر اسرار اور حکیم سعید کی بانی پی ٹی آئی کے بارے میں رائے درست ثابت ہورہی ہے۔

شکر گڑھ میں آبائی گاؤں فتووال میں جلسے سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ  اسرائیل کہہ رہا ہے بانی پی ٹی آئی پاکستان سے ہمارے تعلقات ٹھیک کرسکتے ہیں،  20 سال پہلے ڈاکٹر اسرار اور حکیم سعید کی بانی پی ٹی آئی کے بارے میں رائے درست ثابت ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے چار سال مرکز اور پنجاب میں حکومت کی اور اپنے دورِ حکومت میں انہوں نے گالم گلوچ کے سوا کچھ نہیں کیا، سیاسی مخالفین کو چور ڈاکو کہنے میں گزار دیے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے ذریعے ملک میں انتشار کی سازش ہو رہی ہے، حکومت سازشوں اور فوج دہشتگردی کے خلاف لڑرہی ہے، ہم جنگ جیت کر ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر ڈالیں گے،  بانی پی ٹی آئی نے عثمان بزدار اور پرویز الہٰی کو چن کر وزیراعلیٰ لگایا، بانی پی ٹی آئی نے مجھے جھوٹے مقدمے میں اڈیالہ جیل میں بند کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر میں بطور ممبر اسمبلی سزائے موت کے قیدی والی چکی میں رہ سکتا ہوں تو بانی پی ٹی آئی کیوں نہیں، کوئی سمجھتا ہے کہ خان کو چکی میں نہیں ہونا چاہیے تو وہ مجھ سے بھی معافی مانگے، بانی پی ٹی آئی کو جو سہنا پڑ رہا ہے وہ ان کے کرتوتوں کا صلہ ہے۔

مزید خبریں :