Time 09 ستمبر ، 2024
پاکستان

علی امین سیاسی کے علاوہ کوئی اور عزائم لیکر پنجاب آئیں گے توپوری قوت سے جواب دیں گے: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سیاسی عزائم لے کر پنجاب آئیں تو ویلکم کریں گے، بصورت دیگر پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ علی امین کے 15 دن گزر جائیں پھر ہم ان سے کہیں گے کہ آؤ، علی امین گنڈاپورکی بڑھکوں سے بانی پی ٹی آئی رہا نہیں ہوسکتا، ان کی باتیں صرف رنگ بازی ہیں اور کچھ نہیں، ان لوگوں نے خیبرپختونخوا کو دیوالیہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو کرنل شیرخان کا مجسمہ توڑا اور 6 ستمبر کو فاتحہ پڑھنے چلے گئے، ان لوگوں کا کوئی دین ایمان نہیں اورنہ شرم و حیا ہے۔

ان کا کہناتھاکہ بانی پی ٹی آئی کو اندھیرا نظرآرہا ہے اس لیے اب مایوس ہورہے ہیں، بارہ چودہ ہزار کا جلسہ کرکے بڑی بڑی بڑھکیں مار رہے ہیں، یہ بنگلادیش کی مثالیں دے رہے تھے، بنگلادیش میں تو مجیب الرحمان کا دی اینڈ ہوگیا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ علی امین گنڈاپورسیاسی عزائم لے کر پنجاب آئیں گےتو ویلکم کریں گے، سیاسی کے علاوہ کوئی اورعزائم ہوں گےتوپوری قوت سے جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قوم کو ضرورت ہے ان کو سامنے آنا چاہیے، ان کی سیاست میں ایک طویل جدوجہد ہے۔

مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے وزیر دفاع کا کہنا تھاکہ مولانا فضل الرحمان کو اب کوئی رنجش یا ناراضی نہیں ہے، ایک دو روز میں آپ اس متعلق مثبت نتائج دیکھیں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سنگ جانی کے جلسے میں اختلاف رکھنے والے صحافیوں کو کھلی دھمکیاں دیں اور خاتون صحافیوں کیلئے بھی غلیظ زبان استعمال کی تھی۔

اس کے علاوہ انہوں نے کہاکہ اگلا جلسہ لاہور میں ہوگا، مریم میں آرہا ہوں، مینار پاکستان میں اجازت ہوگی تو ٹھیک ہے ورنہ بغیر این او سی جلسہ کریں گے، پنگا مت لینا تمہارا وہ حال کریں گے بنگلادیشن بھول جائے گا۔

مزید خبریں :