Time 11 ستمبر ، 2024
دنیا

غزہ میں اسرائیلی فوج کا ہیلی کاپٹر گرکر تباہ، 2 فوجی ہلاک

غزہ میں اسرائیلی فوج کا ہیلی کاپٹر گرکر تباہ، 2 فوجی ہلاک
غزہ کے علاقے رفح میں اسرائیلی فوجی کیمپ میں لینڈنگ کے دوران ہیلی کاپٹر زمین سے ٹکرا گیا— فوٹو: اسرائیلی میڈیا

غزہ میں اسرائیلی فوج کا ہیلی کاپٹر لینڈنگ کےدوران گر کر تباہ ہوگیا۔

اسرائیلی فوج کے مطابق حادثہ بدھ کی صبح غزہ کے جنوبی علاقے رفح میں پیش آیا جس میں  2 فوجی ہلاک اور7 زخمی ہوگئے۔

اسرائیلی میڈیا کا بتانا ہے کہ فوج کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایک یو ایچ 60 بلیک ہاک ہیلی کاپٹر  میڈیکل ٹیم کے ہمراہ غزہ سے ایک زخمی فوجی کے انخلا کے لیے گیا تھا۔

اسرائیلی فوج کے مطابق رفح میں اسرائیلی فوجی کیمپ میں لینڈنگ کے دوران ہیلی کاپٹر زمین سے ٹکرا گیا۔

تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر زیادہ اونچائی سے نہیں گرا لیکن پھر بھی حادثے میں ہیلی کاپٹر کو خاطر خواہ نقصان پہنچا اور اس میں سوار تمام افراد زخمی ہوگئے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد مجموعی طور پر 2 ہلاک اور 8 زخمی فوجیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جن میں وہ زخمی فوجی بھی شامل تھا جسے لے جانے کے لیے ہیلی کاپٹر بلایا گیا تھا۔

مزید خبریں :