13 ستمبر ، 2024
امریکا کی بیلسٹک میزائل پروگرام کے سپلائرز پر پابندیوں کے معاملے پر پاکستان کا مؤقف سامنے آیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے جیو نیوز کے استفسار پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس معاملے کی تفصیلات معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
امریکا نے بیلسٹک میزائلوں اور کنٹرولڈ میزائل آلات اور ٹیکنالوجی کے پھیلاؤ میں ملوث ہونے کے الزام میں 5 اداروں اور ایک فرد پر پابندیاں عائد کی ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق پابندیوں میں ایک چینی ریسرچ انسٹیٹیوٹ، 3 چینی کمپنیوں اور ایک چینی فرد شامل ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے معاملے کی تصدیق کردی ہے۔
امریکی ترجمان میتھیو ملر کے مطابق چینی ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے شاہین 3 اور ابابیل سسٹمز اور ممکنہ طور پر بڑے سسٹمز کیلئے راکٹ موٹرز کی جانچ کے آلات کی خریداری میں پاکستان کے ساتھ کام کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کہیں بھی ممنوعہ ہتھیاروں کے پھیلاؤ اور متعلقہ خریداری کی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کرتا رہے گا۔