Time 13 ستمبر ، 2024
پاکستان

آئی جی پختونخوا کا لکی مروت سمیت جنوبی اضلاع میں دہشتگردی واقعات میں اضافے کا اعتراف

آئی جی پختونخوا کا لکی مروت سمیت جنوبی اضلاع میں دہشتگردی واقعات میں اضافے کا اعتراف
فوٹو: فائل

آئی جی خیبر پختونخوا اخترحیات خان نے کہا ہے کہ صوبے کے جنوبی اضلاع لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

جیو نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لکی مروت میں کچھ مفاد پرست عناصر کامیاب آپریشن کو ثبوتاژ کرنا چاہتے ہیں کیونکہ شدت پسندوں کے خلاف کامیاب آپریشنز میں ٹیپوگل مروت کا داماد اور دیگر کمانڈر مارے گئے۔

آئی جی کے پی کا مزید کہنا تھا کہ ذاتی مقصد کیلئے فورس میں انتشار پھیلانے والے شرپسند عناصر کی نشاندہی ہوچکی ہے، ڈسپلن کی خلاف ورزی پر تادیبی کاروائی پرعمل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ لکی مروت میں پولیس پر حملوں کے خلاف پولیس اہلکاروں کا احتجاج گزشتہ چار دنوں سے جاری ہے، دھرنے کی حمایت میں دکانداروں نے بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال کردی۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک مطالبات مانے نہیں جاتے دھرنا جاری رہے گا، ان کا مطالبہ ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں میں پولیس کو بااختیار کیا جائے۔

مزید خبریں :