Time 14 ستمبر ، 2024
پاکستان

حکومت کا ڈاکٹرعافیہ کی ہمدردانہ بنیادوں پر رہائی کیلئے امریکا میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ

حکومت کا ڈاکٹرعافیہ کی ہمدردانہ بنیادوں پر رہائی کیلئے امریکا میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ
وزیراعظم کے دورہ اقوام متحدہ میں بھی امریکی حکام کے سامنے عافیہ کی رہائی کامعاملہ اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے— فوٹو:فائل

وفاقی حکومت نے  ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی ہمدردانہ بنیادوں پر رہائی کیلئے امریکا میں  درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ڈاکڑ عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے دائر ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

عدالت نے اپنے تحریری حکم نامے میں کہا ہےکہ اٹارنی جنرل پاکستان عدالت میں پیش ہوئے اور یقین دہانی کروائی گئی کہ وفاقی حکومت کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمدردانہ بنیادوں پر رہائی کی اپیل پر کوئی اعتراض نہیں ہے، حکومت کے پاس کوئی وجہ نہیں وہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کیلے وکیل کی جانب سے تیار کی گئی ہمدردانہ بنیادوں پر رہائی کی اپیل کے ساتھ نہ کھڑی ہو۔

 عدالت نے کہا ہے کہ اٹارنی جنرل کے مطابق حکومت الگ سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیلئے رحم کی اپیل دائر کرے گی اور اقوام متحدہ اجلاس کے موقع پر بھی امریکی حکومت سے بات کی جائے گی۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مطابق امریکا سے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر بھرپور کام ہو رہا ہے، قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے حوالے سے 3 ہفتوں کا وقت درکار ہے۔

عدالت نے کیس 18 اکتوبر 2024 کو دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کردیا۔

مزید خبریں :