18 فروری ، 2013
کراچی…سانحہ کوئٹہ میں معصوم جانوں کے ضیاع پر کراچی کے مختلف علاقوں میں احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شیعہ علماء کونسل کی جانب سے شہر میں ہڑتال کا بھی اعلان کیا گیاہے۔ سانحہ کوئٹہ کے خلاف کراچی میں گذشتہ رات سے شروع ہونے والے احتجاجی دھرنے شہر کے ایک درجن سے زائد علاقوں میں جاری ہیں مظاہرین نے ملیرمیں ریلوے ٹریک پر بھی دھرنا دے رکھا ہے جس سے ٹرینوں کی آمدو رفت متاثر ہوئی ہے۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کے کوئٹہ میں جاں بحق ہونے والوں کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن کیا جائے۔ مختلف سیاسی جماعتوں نے بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا۔ صدر کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے بھی آج سڑکوں پر ٹرانسپورٹ نہ لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ انتہائی کم ہے ۔شہر کے تمام نجی اسکول بند ہیں ۔ جامعہ کراچی اور وفاقی اردو یونیورسٹی کے تحت ہونے والے تمام پرچے ملتوی کردیئے گئے ہیں نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ دفاتر میں بھی حاضری معمول سے کم ہے۔