Time 18 ستمبر ، 2024
پاکستان

اپوزیشن کی عدم دلچسپی کے باعث حکومت کا عبوری پی اے سی چیئرمین مقرر کرنےکا فیصلہ

اپوزیشن کی عدم دلچسپی کے باعث حکومت کا عبوری پی اے سی چیئرمین مقرر کرنےکا فیصلہ
 حکومتی چیئرمین ایک عارضی بندوبست کے لیے منتخب کیا جائےگا،طارق فضل چوہدری، فوٹو: فائل

اسلام آباد: قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی(پی اے سی)  کے چیئرمین کی تقرری میں اپوزیشن کی عدم  دلچسپی  پر  حکومت  نے  چیئرمین  پی اے سی کے لیے عبوری چیئرمین  مقرر کرنےکا  فیصلہ  کیا ہے۔

حکومت کی جانب سے دو خطوط کے باوجود اپوزیشن  نے چیئرمین پی اے سی کے لیے نام نہیں بھجوائے۔

مسلم لیگ ن کے چیف وہپ ڈاکٹرطارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ  بہترین عوامی مفاد میں یہ عہدہ  زیادہ دیر تک خالی نہیں رکھا جاسکتا، پی اے سی چیئرمین کے لیے  الیکشن اگلے ایک یا 2 دن میں ہوجائےگا۔

طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ  اپوزیشن کو چیئرمین پی اے سی کے لیے 2 خطوط لکھےگئے، خطوط میں کہا گیا کہ اپوزیشن4 ممبران  پر مشتمل پینل بھجوائے، اپوزیشن نے ابھی تک  ان دونوں خطوط کا کوئی مثبت  جواب  نہیں دیا۔

 رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ  پی اے سی کا  آئندہ  ایک  سے 2 دن میں الیکشن کرانےکا فیصلہ کیا ہے،کسی حکومتی ممبر کو  چیئرمین پی اے سی منتخب کیا جائےگا، حکومتی چیئرمین ایک عارضی بندوبست کے لیے منتخب کیا جائےگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ اپوزیشن کی امانت ہے، جب بھی اپوزیشن 4 نام بھجوائےگی عبوری چیئرمین مستعفی ہوجائےگا، نئے الیکشن کے ذریعے اپوزیشن کا چیئرمین منتخب کرایا جائےگا، پی اے سی اجلاس اور  چیئرمین کا انتخاب  غیرمعینہ مدت تک ملتوی نہیں کیا جاسکتا۔

مزید خبریں :