Time 21 ستمبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

’ میرے انڈسٹری میں آنے پر لوگوں نے والدین کو بہت کچھ بولا‘، ترپتی نے ابتدائی مشکلات بتادیں

’ میرے انڈسٹری میں آنے پر لوگوں نے والدین کو بہت کچھ بولا‘، ترپتی نے ابتدائی مشکلات بتادیں
کیرئیر کا آغاز اداکاری سے کرنا چاہتی تھی جس کیلئے بہت سے لوگوں نے تنقید کا نشانہ بنایا: اداکارہ کی پوڈ کاسٹ میں گفتگو/ فائل فوٹو

بالی وڈ اداکارہ ترپتی ڈمری نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے کیلئے پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں بتایا ہے۔

ترپتی ڈمری نے اداکارہ کترینہ کیف کے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اپنے کیرئیر کا آغاز اداکاری سے کرنا چاہتی تھی جس کیلئے بہت سے لوگوں نے تنقید کا نشانہ بنایا اور مشکلات پیدا کرنے کی کوششیں کیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ 'میرا تعلق ریاست اتراکھنڈ سے ہے مگر میری پیدائش اور رہائش دارالحکومت نئی دہلی کی ہے،  میرے لیے ممبئی میں رہنا بہت مشکل تھا کیونکہ معاشرے میں اور میرے خاندان کے لوگ والدین کو مختلف باتیں بولتے تھے کہ اپنی بیٹی کو کیوں اس پیشے میں بھیج رہے ہو؟ وہ اپنے لیے غلط فیصلہ کرنے جارہی ہے اور اگر یہ اداکارہ بن جائے گی تو کوئی بھی اس سے شادی کرنا نہیں چاہے گا'۔ 

ترپتی ڈمری نے کہا کہ ’ایک موقع تھا جب میں الجھن میں پڑ گئی تھی کیونکہ جب آپ کو کوئی کام نہیں مل رہا ہوتا تو آپ امید کھو دیتے ہیں  لیکن ایک چیز جو میں جانتی تھی کہ میں اپنے والدین کے پاس واپس نہیں جا سکتی اور انہیں نہیں کہہ سکتی  تھی کہ نہیں، میں یہ کام نہیں کرسکی'۔

اداکارہ  ترپتی نے یہ بھی بتایا کہ ’میری پہلی فلم لیلیٰ مجنو کی ریلیز کے بعد والدین کو بہت فخر تھا اور وہ بہت خوش ہوئے'۔

اپنے کام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے بہت سی فلمیں کی ہیں جس پر میں خدا کی شکر گزار ہوں اور حال ہی میں کی گئی بلاک بسٹر فلم 'اینیمل ' میں میرے کام کو لوگوں نے بہت پسند کیا ہے جب کہ  مداحوں کی جانب سے اداکارہ کو 'نیشنل کرش' کا لقب بھی دیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :