Time 22 ستمبر ، 2024
دنیا

چین مختلف محاذوں پر ہمارا امتحان لے رہا ہے، امریکی صدر کی کواڈ رہنماؤں سے گفتگو

چین مختلف محاذوں پر ہمارا امتحان لے رہا ہے، امریکی صدر کی کواڈ رہنماؤں سے گفتگو
کواڈ رہنماؤں کے اجلاس میں امریکی صدر کے علاوہ جاپان، آسٹریلیا اور بھارت کے وزرائے اعظم نے شرکت کی۔ فوٹو رائٹرز

امریکی صدر جو بائیڈن کی کواڈ رہنماؤں سے ہاٹ مائیک پر کی جانے والی گفتگو سامنے آگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ڈیلاویر میں امریکی صدر جو بائیڈن کی صدارت میں کواڈ رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں امریکی صدر کے علاوہ جاپان، آسٹریلیا اور بھارت کے وزرائے اعظم نے شرکت کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن کی کواڈ رہنماؤں سے ہاٹ مائیک پر کی جانے والی گفتگو  منظر عام پر آگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے ریمارکس دیے کہ چین مسلسل جارحانہ رویے سے مختلف محاذوں پر ہمارا امتحان لے رہا ہے جس میں معاشی اور ٹیکنالوجی کے میدان بھی شامل ہیں، لیکن ہم یقین رکھتے ہیں کہ بہترین مقابلے کے لیے بہترین سفارتکاری کی ضرورت ہوتی ہے۔

کواڈ اجلاس کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن کو یہ کہتے بھی سنا گیا کہ چین کے صدر شی جن پنگ اپنے جارحانہ مفادات کے لیے سفارتی اسپیس حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

امریکی صدر جو بائیڈن کے ریمارکس جنوب اور مشرقی چین کے سمندری تنازع کے حوالے سے انتہائی اہم ہیں، بین الاقوامی ٹربیونل کے مطابق چین کا اس سمندری خطے پر کوئی قانونی حق نہیں ہے تاہم چین کا واضح مؤقف ہے کہ پورا ساؤتھ چائنا سمندر ان کی ملکیت ہے۔

جو بائیڈن کا کواڈ رہنماؤں کے اجلاس میں یہ بھی کہنا تھا چین کے صدر کا تمام فوکس اندرونی معاشی چیلنجز پر ہے تاکہ وہ چین کے اندر ہونے والی افراتفری کو کم کر سکیں۔

مزید خبریں :