Time 22 ستمبر ، 2024
دنیا

صدارتی انتخابات میں شکست ہوئی تو ٹرمپ کیا کریں گے؟ بڑا اعلان کردیا

صدارتی انتخابات میں شکست ہوئی تو ٹرمپ کیا کریں گے؟ بڑا اعلان کردیا
ٹرمپ نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ 5 نومبر کو ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں کامیاب ہوں گے— فوٹو: رائٹرز

سابق امریکی صدر اور ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے نومبر میں ہونے والی امریکی صدارتی انتخابات میں شکست کی صورت میں اپنے منصوبے کے بارے میں بتادیا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایک ٹی وی انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ اگر انہیں نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں شکست ہوجاتی ہے تو کیا وہ آئندہ انتخاب میں حصہ لیں گے؟

اس سوال کے جواب میں سابق امریکی صدر نے کہا کہ نہیں، میں نہیں سمجھتا کہ پھر انتخاب لڑوں گا۔

تاہم ٹرمپ نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ 5 نومبر کو ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں کامیاب ہوں گے۔

خیال رہے کہ انتخابات سے قبل ہونے والے مقبولیت کے سرویز میں موجودہ امریکی نائب صدر اور ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ میں کانٹے کا مقابلہ دیکھا جارہا ہے۔

موجودہ امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے صدارتی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی کی حمایت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 2020 کے صدارتی انتخابات میں جوبائیڈن، ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دے کر صدر منتخب ہوئے تھے تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی شکست تسلیم نہیں کی تھی، اسی دوران 6 جنوری 2021 کو ٹرمپ کی ریلی کے بعد ٹرمپ کے حامیوں نے کیپٹل ہل پر حملہ کردیا تھا۔

مزید خبریں :