Time 22 ستمبر ، 2024
کھیل

پچھلے مالی سال کی گرانٹس کہاں استعمال ہوئیں؟ اسپورٹس بورڈ نے فیڈریشنز سے حساب مانگ لیا

پچھلے مالی سال کی گرانٹس کہاں استعمال ہوئیں؟ اسپورٹس بورڈ نے فیڈریشنز سے حساب مانگ لیا
فوٹو: فائل

پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے کھیلوں کی قومی فیڈریشنز سے 24-2023 کے مالی سال کے دوران فراہم کی گئی خصوصی گرانٹس کے استعمال کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے 24-2023 کے مالی سال کے دوران قومی کھیلوں کی فیڈریشنز کو خصوصی گرانٹس فراہم کیں تاہم وقت گزرنے کے باوجود فیڈریشن سے ابھی تک اخراجات کی تفصیلی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 15 دن کے اندر اندر اخراجات کی مکمل تفصیل، اصل رسیدوں، انوائسز اور واؤچرز کے ساتھ فراہم کریں۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر فیڈریشنز  نے مطلوبہ دستاویزات فراہم نہ کیں تو ان کی آئندہ مالی امداد کو روکا جاسکتا ہے۔

پی ایس بی نے فیڈریشنز کو  یہ بھی یاد دلایا کہ اس سے قبل ان سے حسابات کے آڈٹ شدہ کھاتے اور  بینک اسٹیٹمنٹس بھی طلب کی جاچکی ہیں۔

نمائندہ جیو کو دستیاب فہرست کے مطابق پاکستان والی بال فیڈریشن نے 24-2023 کے مالی سال کے دوران 10 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ حاصل کی جب کہ ایتھلیٹکس فیڈریشن کو 6 کروڑ  92 لاکھ 50 ہزار روپے اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کو 5 کروڑ 91 لاکھ 50  ہزار روپے کی گرانٹ دی گئی۔

مزید خبریں :