Time 04 اکتوبر ، 2024
دنیا

حوثیوں کے بعد عراقی مزاحمتی گروپ کا حملہ، جنوبی اسرائیل پر ڈرون داغ دیے

حوثیوں کے بعد عراقی مزاحمتی گروپ کا حملہ، جنوبی اسرائیل پر ڈرون داغ دیے
فوٹو: ارنا

یمنی حوثیوں کے بعد عراق کے مزاحمتی گروپ نے اسرائیل پر حملہ کرتے ہوئے جنوبی اسرائیل پر ڈرون داغ دیے۔

القدس نیٹورک کے مطابق عراقی مزاحمتی گروپ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے جنوبی اسرائیلی علاقے پر پہلی مرتبہ جدید ڈرونز کے ذریعے حملہ کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ہمارے جنگجو اسرائیل کے خلاف ان جدید ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے دشمن کے ٹھکانوں پر اور بھی شدید حملے جاری رکھیں گے۔

اس سے قبل حوثیوں نے تل ابیب میں فوجی تنصیبات پر ڈرون حملے کیے تھے جس کے بعد شیلٹرز کی طرف بھاگنے والے متعدد اسرائیلی بھی زخمی ہوگئے تھے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے تل ابیب پر حملے کیلئے استعمال ہونے والا حوثی باغیوں کے ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کیا گیا۔

ادھر جنوبی لبنان کے سرحدی علاقوں میں حزب اللہ اور اسرائیل فوج کی جھڑپیں جاری ہیں، حزب اللہ کے ٹینک شکن میزائلوں، جدید راکٹوں، بموں کے حملوں سے متعدد اسرائیلی فوجیوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔

حزب اللہ کے جنگجوؤں کی دفاعی حملون کے بعد کئی مقامات پر لبنان کی جانب پیش قدمی کرنے کی خواہشمند اسرائیلی فوج پیچھے ہٹ گئی۔

دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ کے فوجی بیس پر راکٹ حملے اور لبنان میں فضائی حملے کیے گئے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے حملوں میں حزب اللہ کے 15 جنگجوؤں کو مارنے کا دعویٰ کیا گیا، دو لبنانی فوجی اور اٹھائیس طبی کارکن بھی مارے گئے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں حماس حکومت کے سربراہ روحی مشتاحہ کو شہید کرنے کا بھی دعوٰی کیا گیا تاہم حماس نے اسرائیلی دعویٰ کی تصدیق نہیں کی۔

اب تک لبنان میں اسرائیلی حملوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہزار تک پہنچ گئی جبکہ غزہ میں جاری بمباری سے چوبیس گھنٹوں میں مزید سو سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :