04 اکتوبر ، 2024
سول سوسائٹی کے رہنماؤں نے عمر کوٹ واقعے کی شفاف تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
کراچی پریس کلب پر سول سوسائٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سماجی رہنما سندھو نواز کا کہنا تھا کہ سب کو معلوم ہے کہ کیسے ڈاکٹر شاہ نواز کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا اور اس کی لاش جلائی گئی اور لاش کی بے حرمتی کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں پولیس کی رپورٹ پر اعتماد نہیں ہے اس لیے اس واقعے کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے اور ان تمام افراد کو ایف آئی آر میں شامل ہونا چاہیے جنہوں نے ماورائے عدالت قتل کیا، لاش کی بے حرمتی کی، قتل کرنے والوں کو ہار پہنائے اور لوگوں کو اکسایا۔
نے عمر سرہندی، جاوید جسکانی، ایس ایس پی عمر کوٹ، ایس ایس پی میر پور خاص کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ایم این اے امیر شاہ جس نے پھولوں کے ہار پہنائے ان کی اسمبلی رکنیت منسوخ کی جائے اور انہیں بھی گرفتار کیا جائے۔
مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں سماجی رہنما شیما کرمانی کا کہنا تھا کہ سندھ میں مذہب کے نام پر قتل ہورہے ہیں اور ریاست خاموش ہے۔
مشترکہ پریس کانفرنس سے انیس ہارون اور ذوالفقار جونیئر سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ سول سوسائٹی، سماجی رہنماؤں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے 13 اکتوبر کو عدم تشدد کے حق میں کراچی پریس کلب پر احتجاج کا اعلان بھی کیا گیا۔