Time 05 اکتوبر ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی کے احتجاج کی کال، پولیس نے لاہور کے خارجی راستے کنٹینر لگا کر بند کردیے

پی ٹی آئی کے احتجاج کی کال، پولیس نے لاہور کے خارجی راستے کنٹینر لگا کر بند کردیے
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے احتجاج کی کال پر لاہور میں پولیس نے شہر کے خارجی راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیے تاہم جی ٹی روڈ پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔

تحریک انصاف کے 5 اکتوبر کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں احتجاج کی کال پر لاہور کے مختلف مقامات پر بھی کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں، لاہور میں موٹروے بابو صابو انٹرچینج، ٹھوکر نیاز بیگ اور لاہور سیالکوٹ موٹر وے کے داخلی راستوں پر بھی کنٹینرکھڑے کر دیے گئے ہیں۔

بابو صابو انٹرچینج کو عام ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے، ٹھوکر نیاز بیگ انٹر چینج سے بھی ٹریفک کو موٹروے پر داخل نہیں ہونے دیا جا رہا، راستے بند کیے جانے پر اسلام آباد اور دیگر شہروں کو جانے والے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب 5 اکتوبر لاہور میں مینار پاکستان گراؤنڈ پراحتجاج کی کال کے باعث ریلوے اسٹیشن، مینار پاکستان گراؤنڈ اور لاری اڈے کو جانے والی سڑکوں اور دیگر مقامات پر بھی کنٹینر پہنچا دیے گئے تاہم شہر میں ٹریفک معمول کے مطابق چل رہی ہے۔

واضح رہے کہ ڈی چوک سمیت اسلام آباد کے کئی مقامات پر پولیس اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور پولیس نے ڈی چوک سے 30 سے زائد پی ٹی آئی کارکن گرفتار کرلیے جن میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان بھی شامل ہیں۔

مزید خبریں :