20 فروری ، 2013
اسلام آباد … پاکستان مسلم لیگ ق اور پاکستان پیپلز پارٹی نے آئندہ عام انتخابات میں مشترکا امیدوار لانے کا فیصلہ کرلیا، چوہدری شجاعت حسین کہتے ہیں کہ یہ اتحاد اس بات کا مظہر ہے کہ ملکی مفاد سیاسی دوستی اور دشمنی سے بالاتر ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ق اور پیپلز پارٹی کے رہنماووٴں کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے سیاسی لائحہ عمل پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ عام انتخابات میں مشترکا امیدوار لائے جائیں گے، مسلم لیگ ق کے وفد کی قیادت چوہدری شجاعت حسین اور نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الٰہی نے کی جبکہ پیپلزپارٹی کا وفد پنجاب کے صدر منظور وٹو، مخدوم شہاب الدین، نذر محمد گوندل، تنویر اشرف کائرہ اور دیگر رہنماوٴں پر مشتمل تھا۔ اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ یہ انتخابی اتحاد ملکی سیاست میں ایک نئے دور کی عکاسی کرتا ہے جس سے سیاست میں ساتھ چلنے کی روایت مستحکم ہوگی۔ چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عوامی مفاد کیلئے سیاسی مخالفت کو انتخابی اتحاد میں بدل دیا ہے۔