20 فروری ، 2013
اسلام آباد … عالمی ثالثی عدالت کی طرف سے بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں کشن گنگا پن بجلی منصوبے کی تعمیر کی اجازت ملنے سے پاکستان کے زیر تعمیر نیلم جہلم پن بجلی منصوبے سے بجلی کی پیداوار 13فیصد کمی واقع ہو جائے گی۔ وزارت پانی و بجلی کے ذرائع کے مطابق عالمی ثالثی عدالت کے فیصلے کے نتیجے میں پاکستان کی طرف سے تعمیر کئے جانے والے 969 میگا واٹ نیلم جہلم منصوبے کو پانی کی 16 فیصد قلت ہو جائے گی جس سے منصوبے سے حاصل ہونے والی بجلی میں بھی 13 فیصد کمی واقع ہو گی۔ عدالت نے بھارت کو ہدایت کی ہے کہ کشن گنگا پن بجلی منصوبے کیلئے دریا کے پانی کا رخ تبدیل کرتے وقت کم سے کم بہاوٴ برقرار کھاجائے۔ انڈس واٹر کمشنر کے حکام کا کہنا ہے کہ عالمی ثالثی عدالت کا حتمی فیصلہ دسمبر 2013ء میں آئے گا۔