پاکستان
20 فروری ، 2013

سانحہ کوئٹہ: آئی ایس آئی کی عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ جیو نیوز کو موصول

سانحہ کوئٹہ: آئی ایس آئی کی عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ جیو نیوز کو موصول

اسلام آباد … آئی ایس آئی نے سانحہ کوئٹہ پر سپریم کورٹ میں پیش کی گئی رپورٹ میں کہا ہے کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کی اطلاع متعلقہ اداروں تک پہنچا دی گئی تھی، اگر پانی کے ٹینکر کو باریک بینی سے چیک کیا جاتا تو واقعہ نہیں ہوتا۔ آئی ایس آئی نے بلوچستان کی سنگین صورتحال پر سپریم کورٹ سے اِن کیمرا بریفنگ کی استدعا کی ہے۔ سانحہ کوئٹہ پر آئی ایس آئی کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ جیو نیوز کو موصول ہو گئی۔ 2 صفحات پر مبنی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی ایس آئی نے اطلاع دی جس کے بعد کرانی روڈ پر 2چیک پوسٹیں قائم کی گئیں مگر دہشت گردوں نے ہزارہ ٹاوٴن میں پانی کی کمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سنگین جرم کیا۔ ایسے واقعات کی روک تھام پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کام ہے۔ آئی ایس آئی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لشکر جھنگوی کے ترجمان ابوبکر صدیق نے کرانی روڈ ہزارہ ٹاوٴن پر حملے کی ذمہ داری قبول کی۔ آئی ایس آئی وزارت دفاع کے تحت کام کرتی ہے اور آپریشنز میں شامل نہیں ہوتی، دنیا بھر میں اعلیٰ ترین انٹیلی جنس ایجنسیوں کو ٹکڑوں میں اطلاعات ملتی ہیں جنہیں اکٹھا کیا جاتا ہے، بعض اوقات ان ٹکڑوں پر مبنی اطلاعات سے صورتحال کی مکمل تصویر ملتی ہے، بعض اوقات نہیں، ایسے واقعات میں نائن الیون، ممبئی حملے، سعودی عرب میں الخبر حملے، ماسکو حملے شامل ہیں۔ آئی ایس آئی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ 7 مارچ 2012ء کو بلوچستان کی بگڑتی صورتحال پر 2 رپورٹس پہلے ہی سپریم کورٹ میں داخل کی جا چکی ہیں، عدالت سے پہلے بھی استدعا کی گئی تھی کہ اِن کیمرا بریفنگ کی اجازت دی جائے، جو اب تک نہیں دی گئی۔ آئی ایس آئی نے اس موقع پر ایک بار پھر سپریم کورٹ سے اِن کیمرا بریفنگ کی درخواست بھی کی۔

مزید خبریں :