20 فروری ، 2013
لاہور … مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے ہزارہ برادری کے سردار سعادت کو ٹیلی فون کرکے کوئٹہ میں سانحہ کیرانی پر ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ نواز شریف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے ذریعے سزا دینے کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے اعلامیے کے مطابق نواز شریف نے سردار سعادت ہزارہ سے ٹیلی فون پر گفتگو میں کہا کہ ہزارہ برادری کے خلاف دہشت گردی پر ان کا دل انتہائی رنجیدہ ہے، وہ اس سانحے کے متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ مطالبہ کرتے ہیں کہ واقعے کے ذمے داروں کو گرفتار کر کے انسداد دہشت گردی کی عدالتوں سے سزا دلوائی جائے جبکہ غفلت برتنے والے پولیس اور ایجنسیوں کے اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔