11 اکتوبر ، 2024
بالی وڈ کی اسٹار اداکارہ کاجول کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ محفل میں سیٹی بجانے والے پر غصہ کررہی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کاجول اور رانی مکھرجی کی جانب سے اپنی دیگر کزنز کے ساتھ مل کر بڑے پیمانے پر پوجا رکھی گئی جس میں بالی وڈ کی نامور شخصیات کو مدعو کیا گیا۔
اس پوجا میں جیا بچن بھی آئیں جن سے کاجول نے ملاقات کی اور دونوں کھڑی کئی دیر تک باتیں کرتی رہیں۔
باتوں کے دوران عقب سے مسلسل سیٹی بجانے کی آوازیں آرہی تھیں جس کی وجہ سے دونوں کو اپنی گفتگو روکنی پڑی اور دونوں ہی اس آواز کی جانب متوجہ ہوگئیں۔
کاجول کو یہ حرکت انتہائی نامناسب لگی جس کا اندازہ ان کے چہرے کے بدلتے تاثرات سے لگایا جاسکتا ہے۔
اداکارہ نے فوری طور پر پاس کھڑے اپنے سکیورٹی گارڈ کو کہا کہ 'کون ہے یہ؟ یہ سیٹی کون بجا رہا ہے؟ '
کاجول نے ہاتھ کے اشارے سے سکیورٹی گارڈ کو کہا 'جو بھی یہ کررہا ہے اسے منع کرو، یہ انتہائی نامعقول چیز ہے'۔