پاکستان
20 فروری ، 2013

اسلام آباد ایئرپورٹ کی تعمیر میں تاخیر، لاگت 27 سے بڑھکر 77 ارب روپے ہوگئی

اسلام آباد … وزارت دفاع کے ایڈیشنل سیکریٹری عارف نذیر نے کہا ہے کہ اسلام آباد نیو ایئرپورٹ کا منصوبہ درد سر بن گیا ہے، جس نے راتوں کی نیندیں حرام کردیں، منصوبے کی لاگت 27 ارب روپے تھی، تاخیر کی وجہ سے اب 77 ار ب روپے ہو چکی۔ قومی اداروں میں بھرتیوں کی تحقیقات کیلئے سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس سینیٹر جہانگیر بدر کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر زاہد خان نے اسلام آباد نیو ایئر پورٹ سے متعلق تند و تیز سوالات کئے۔ ایڈیشنل سیکریٹری وزارت دفاع نے بتایا کہ اسلام آباد نیو ایئرپورٹ کی لاگت میں 185 فیصد اضافہ ہوچکا ہے، تاخیر کی وجہ سے 6 ارب روپے جرمانوں کی مد میں ادا کرنا پڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ اسلام آباد نیو ایئرپورٹ پر پانی ہے نہ بجلی، شاہ پور ڈیم سے پانی ملنا تھا لیکن یہ ڈیم ایئرپورٹ سے بہت نیچے ہے، 24 کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھانا پڑے گی اور 12 پمپنگ اسٹیشن بھی قائم کرنا پڑیں گے جس کے بعد ایئر پورٹ پر پانی مل سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایئر پورٹ کے قریب کوئی ڈیم بھی نہیں بن سکتا کیونکہ آبی پرندے آجائیں گے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ایئر پورٹ سے متصل ضروری سڑکیں بھی نہیں بنائیں۔

مزید خبریں :