22 فروری ، 2013
پشاور/کراچی… پشاور میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ نکاسی آب کے ناقص نظام کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں نالیاں بند ہوگئیں اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ پشاور میں نوتھیہ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بارش سے نالیاں بند ہوگئیں اور گندا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں 9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ بنوں میں 31 ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا کہ بارش کا سلسلہ جمعہ کی رات تک جاری رہے گا۔دوسری طرف محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔