Time 22 اکتوبر ، 2024
پاکستان

وکلا کا 26 ويں آئینی ترمیم کیخلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان

وکلا کا 26 ويں آئینی ترمیم کیخلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان
فوٹو: فائل

وکلا رہنماؤں نے 26 ويں آئینی ترمیم کیخلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیئر وکیل حامد خان نے کہا کہ آئینی ترمیم ماورائے آئین اور عدلیہ پر حملہ ہے، سب کا اتفاق ہے کہ اسے روکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جسٹس منصور علی شاہ کے علاوہ کوئی چیف جسٹس قبول نہيں،2002 اور 2007 کی  نیشنل ایکشن کمیٹی بنا رہے ہیں، سارے پاکستان میں احتجاج کی کال دیں گے۔

حامد خان نے 25 اکتوبر کو وکلا کی طرف سے یوم نجات منانے کا بھی اعلان کیا۔

کوئٹہ میں وکیل رہنما علی احمد کرد نے کہا کہ آئینی ترمیم کو چیلنج کريں گے، سڑکوں پر دمادم مست قلندر ہوگا، وکلا ایکشن کمیٹی 26 اکتوبر کے بعد اجلاس میں لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

وکیل رہنما راحب بلیدی نے کہا کہ جنہوں نے ترمیم کی مخالفت کی وہ ان کی تحریک میں شامل ہوجائيں۔

لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اور سینیئر وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اب مدافعت کے سوا کوئی راستہ نہیں اگرعدالتوں میں آواز بلند نہیں کرنے دیں گے تو ہم سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔

وکیل رہنما لطیف کھوسہ، عابد زبیری نے بھی آئینی ترامیم مسترد کردیں۔

مزید خبریں :