Time 23 اکتوبر ، 2024
پاکستان

بجلی ہو نہ ہو ادائیگی کرنا ہوگی، نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین پر بم گرادیا

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے آئندہ 7 سال کے جنریشن ٹیرف کی منظوری دے دی۔

بجلی استعمال ہو نہ ہو کپیسٹی پیمنٹ کرنا پڑےگی، نیپرا نے کے الیکٹرک کی درخواست پر فیصلہ جاری کردیا۔

کے الیکٹر ک کے جنریشن ٹیرف ڈیزل پر 44 روپے 33 پیسے سے 50 روپے 75 پیسے فی یونٹ تک منظوری دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ایل این جی پر جنریشن ٹیرف20 روپے67 پیسے سے 41 روپے75 پیسے فی یونٹ تک منظور کیا گیا۔

فرنس آئل پرجنریشن ٹیرف 33 روپے 31 پیسے سے 34روپے 64 پیسے فی یونٹ تک مقرر کیا گیا ہے جب کہ گیس پر فی یونٹ جنریشن ٹیرف6 روپے 83 پیسے سے9 روپے 62 پیسے تک مقرر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب کے الیکٹرک کہنا ہےکہ یہ فیصلہ ادارے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے جس سے ادارہ اپنا جامع سرمایہ کاری پلان کو حاصل کرنے میں مثبت کردار ادا کرے گا، یہ منصوبہ کمپنی کی ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن میں ہونے والے نقصانات کو کم کرنے، اس کے کسٹمر بیس میں اضافے اور پاور یوٹیلیٹی کے بنیادی ڈھانچے کو موجودہ مطالبات اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر مشتمل ہے۔

کے الیکٹرک کے مطابق ادارہ نیپرا کی طرف سے جاری کردہ مکمل اور وسیع فیصلے کا جائزہ لے رہا ہے،کمپنی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ریگولیٹری اتھارٹی کے ساتھ سرگرم عمل ہے کہ یہ تبدیلیاں ایک مستحکم، پائیدار توانائی کے ماحولیاتی نظام کی تعمیر کے وژن کے مطابق ہوں۔

مزید خبریں :