02 نومبر ، 2024
پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل ٹاپ آرڈر بیٹر صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ محمد رضوان ایک فائٹر ہے، وہ کلب لیول پر بھی اتنا سنجیدہ ہوتا ہے کہ آخر تک فائٹ کرتا ہے، اچھا کپتان ہے، ٹیم کو فائدہ ہوگا۔
کراچی میں آسٹریلیا سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل پلیئرز کے کیمپ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ میں ڈومیسٹک اور پی ایس ایل میں اور پچھلے کئی سال سے بطور اوپنر کھیل رہا ہوں، اس لیے سمجھتا ہوں کہ اگر مجھے میرے نمبر پر ہی مناسب چانس مل جائے تو اچھا ہوگا، ابھی بیٹنگ نمبر پر بات نہیں ہوئی، آسٹریلیا جاکر ہی پتہ چلے گا کہ کیا پلان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جس فارمیٹ میں بھی جگہ ہوگی، ٹی ٹوئنٹی ہو یا ریڈ بال، کھیلنے کیلئے دستیاب ہوں۔
انہوں نے کہا کہ "ڈومیسٹک میں بھی اچھی پرفارمنس رہی ہے، ہر فارمیٹ اچھا جا رہا ہے اس لیے جہاں ضرورت ہوگی جس فارمیٹ میں کھلائیں گے، میں دستیاب ہوں۔"
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہر پلیئر کو ہر فارمیٹ اور ہر ٹورنامنٹ کیلئے تیار رہنا پڑتا ہے، چاہے ٹیسٹ ہو، ون ڈے ہو ٹی ٹوئنٹی ہو، میں ہر فارمیٹ کیلئے تیار رہنا پڑتا ہے، امید ہے ٹی ٹوئنٹی میں جو موقع ملا ہے اس میں اچھا پرفارم کروں گا۔
کراچی میں ہونیوالے کیمپ پر حاحبزادہ فرحان نے کہا کہ چھ سات دن کا کیمپ ہے، اس میں زیادہ لمبا کام نہیں کرسکتے، یہاں فیلڈنگ اور تھوڑا اسکل پر کام کریں گے، مجموعی طور پر سب کرکٹ کھیلتے ہوئے آرہے ہیں اور سب ردھم میں ہیں ، آسٹریلیا میں اچھا پرفارم کریں گے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ "بطور پروفیشنل ہمیں ہر کنڈیشن میں کھیلنے کیلئے تیار رہنا چاہیے، حال ہی میں شاہینز کے ساتھ آسٹریلیا کا ٹور کیا تھا جس میں ہر فارمیٹ کی کرکٹ کھیلی جس میں بہت کچھ سیکھنے کو ملا تھا، کنڈیشنز کا اندازہ بھی ہوگیا تھا، جس سے آنے والے سیریز میں ہمیں کافی مدد ملے گی۔ "
محمد رضوان کو کپتان بنائے جانے کے حوالے سے سوال کے جواب میں صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ محمد رضوان ایک فائٹر ہے، وہ کلب لیول پر بھی اتنا سنجیدہ ہوتا ہے کہ آخر تک فائٹ کرتا ہے، اچھا کپتان ہے، ٹیم کو فائدہ ہوگا۔
صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں پریشر ہوتا ہے، ایک یا دو میچ کی بنیاد پر پلیئر کے کیرئیر کا فیصلہ نہ کرلیں کیوں کہ وہ ڈومیسٹک میں بھرپور محنت کرکے آ رہا ہوتا ہے، 5، 6 میچز دیں پھر دیکھی تاکہ وہ خود کو ثابت کرسکے۔