Time 03 نومبر ، 2024
کھیل

بھارت کی اے کرکٹ ٹیم پر آسٹریلیا میں بال ٹیمپرنگ کا الزام لگ گیا

بھارت کی اے  کرکٹ ٹیم   آسٹریلیا  میں بال ٹیمپرنگ کے الزام کی زد میں آگئی۔

 آسٹریلوی شہر میکے میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا اے نے بھارتی اے کرکٹ ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق  بھارتی کرکٹ ٹیم  پر آسٹریلیا اے کے خلاف میچ میں بال ٹیمپرنگ کا الزام لگا ہے، بال تبدیل کرنے کے معاملے پر بھارتی کھلاڑی نے امپائر کیلئے  تلخ جملے استعمال کیے۔

آسٹریلوی میڈیا کا بتانا ہے کہ بھارت  اور آسٹریلیاکی اے کی ٹیموں کے درمیان میچ کے آخری روز بال تبدیل کیا گیا تھا ، میچ کے آخری  دن آسٹریلیا اےکو جیت کے لیے 86 رنز درکار تھے لیکن اس روز  بال ٹیمپرنگ کے الزام پر بال تبدیل کر دیا گیا۔

جس کے بعد بھارتی کھلاڑی امپائر شان کریگ کے گرد جمع ہو کر بال تبدیل کرنے پر سوال کرنے لگے، اس دوران شان کریگ کو اسٹمپ مائیک سے کہتے سنا گیا  کہ جب آپ بال کھرچو گے تو ہم بال تبدیل کریں گے جس کے بعد بھارتی کھلاڑیوں نے امپائر سے بہت بحث کی۔

امپائر شان کریگ کا کہنا تھا کہ  اب اور بحث نہیں ہوگی ،کھیل کا آغاز کریں اس پر بات نہیں ہو گی، اگر آپ نے کھیلنا ہے تو جو بال آپ کے ہاتھ میں دیا گیا ہے اس سے کھیلنا ہے۔

دوسری جانب  بھارتی وکٹ کیپر ایشن کیشن نے کہا کہ یہ ایک احمقانہ فیصلہ ہے جس پر امپائر نے ایشن کیشن کو جواباً کہا کہ ایکسکیوز می ،آپ کے رویے پر آپ کو رپورٹ کیا جائےگا ، آپ کا رویہ غیر مناسب ہے ،آپ کی ٹیم کے عمل کی وجہ سے بال تبدیل کیا گیاہے۔

 کرکٹ آسٹریلیا نے معاملے پر بیان جاری کردیا

بعد ازاں کرکٹ آسٹریلیا نے بال ٹیمپرنگ کے معاملے پر بیان جاری کر دیا۔

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ  چوتھی اننگز  میں  استعمال ہونے والا بال خرابی کی وجہ سے تبدیل کیا گیا ،کھیل شروع  ہونے  سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں  اور منیجرز کو بتا دیا گیا تھا۔

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہےکہ  اس حوالے سے کوئی اور  ایکشن نہیں لیا  جائےگا۔

اس حوالے سے آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کے بیان نے ماحول کو ٹھنڈا کر دیا ہے،  ایشن کیشن اب مزید کارروائی سے بچ گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق معاملےکو کنفیوژن قرار دیا جا رہا ہے اور اس کے لیے بال ٹیمپرنگ کا لفظ استعمال نہیں کیا جا رہا۔

مزید خبریں :