23 فروری ، 2013
نوشہرہ…نوشہرہ میں پولیس موبائل پر دستی بموں کے حملے میں ایک پولیس اہل کار جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔پولیس کی جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔ ڈی پی او نوشہرہ محمد حسین کے مطابق پشاور اسلام آباد موٹروے پر پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی۔ رشکئی کے قریب کرنل شیر خان انٹرچینج موڑ پر موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے دستی بموں سے حملہ کیاا ور فائرنگ کردی۔ڈی پی او کے مطابق تینوں پولیس اہل کاروں نے زخمی حالت میں بھی دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کیاجس میں تینوں دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گردوں سے 2 کلاشن کوف، 2 پستول اور ایک دستی بم برآمد کرلیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت صدام حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ صدام حسین کا تعلق کرم ایجنسی سے تھا ۔