08 نومبر ، 2024
حکومت نے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز کے ہاؤس رینٹ اور جوڈیشل الاؤنس میں اضافہ کردیا ہے۔
قائم مقام صدر پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کی منظوری سے جاری صدارتی ترمیمی حکم نامے کے مطابق سپریم کورٹ کے ججز کا ہاؤس رینٹ 68 ہزار روپے سے بڑھا کر 3 لاکھ 50 ہزار روپے کردیا گیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق جوڈیشل الاؤنس 4 لاکھ 28 ہزار 40 روپے سے بڑھا کر 11 لاکھ 61 ہزار 163 روپے کردیا گیا ہے۔
ہائی کورٹ ججز کا ہاؤس رینٹ 65 ہزار سے بڑھا کر 3 لاکھ 50 ہزار روپے کردیا گیا ہے جب کہ جوڈیشل الاؤنس 3 لاکھ 42 ہزار سے بڑھا کر 10 لاکھ 90 ہزار کردیا گیا ہے۔
قائم مقام صدر کی منظوری کے بعد وزارت قانون و انصاف کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
اس وقت سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد 17 ہے جب کہ پارلیمان کی جانب سے حال ہی میں پاس کیےگئے قانون کے مطابق سپریم کورٹ کے ججز کی مجموعی تعداد 34 کردی گئی ہے تاہم ابھی تک دیگر 17 نشستوں پر ججز کی تقرری باقی ہے۔