Time 11 نومبر ، 2024
پاکستان

جج کا احترام ہے لیکن 8 ماہ سے تمام ادارے اسموگ کے خاتمے کیلئے کام کر رہے: مریم اورنگزیب

پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے اسموگ کنٹرول میں ناکامی کے عدالتی ریمارکس پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی عدم موجودگی کا مطلب اسموگ کنٹرول میں ناکامی نہیں، جج کا احترام ہے لیکن 8 ماہ سےحکومت پنجاب کے ادارے اسموگ کے خاتمے کیلئے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کل عدالت میں حکومتی اقدامات سےآگاہ کریں گے اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ بھی ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے ہمراہ ہونگے، عدالت کو ریمارکس سے فیلڈ میں کام کرنے والے افسران اور عملے کا حوصلہ بڑھانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھاکہ اسموگ میں کمی، ماحول کی بہتری کیلئے پہلی جامع پالیسی دی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز نے دس سال کا پالیسی وژن دیا ہے، پہلی حکومت ہے جس نے 10 ارب اسموگ اور 100 ارب ماحولیاتی بہتری کیلئے مختص کیے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ پنجاب میں چھوٹی اوربڑی گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس کا جدید ڈیجیٹل سسٹم شروع کیا ہے، کورٹ جہاں نشاندہی کرےگی مزیدبہتری لائیں گے، کبھی نہیں کہا سب کچھ کر لیا ہے اسموگ کا مسئلہ سب نے مل کر حل کرنا ہے۔

خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں آج اسموگ کے تدارک کیلئے درخواستوں پر سماعت ہوئی تھی اور ہائیکورٹ نےاسموگ کے تدارک کیلئے حکومتی اقدامات پر عدم اطمنیان کا اظہار کیا تھا۔

مزید خبریں :