24 فروری ، 2013
کراچی…سندھ کے وزیر تعلیم پیر مظہر الحق کا کہنا ہے کہ انھوں نے حیدرآباد میں یونیورسٹی نہ بنانے کی بات نہیں کی، ایک نہیں، دو تین جامعات بنائیں گے۔جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پیر مظہر الحق کا کہنا تھا کہ سازشوں سے مراد یہ نہیں تھی کہ حیدرآباد میں یونیورسٹی نہیں بننے دیں گے بلکہ ان کا اشارہ سندھ یونی ورسٹی کے معاملات کی جانب تھا۔ انھوں نے کہا کہ سندھ یونیورسٹی کے اساتذہ کو ایچ ای سی کی جانب سے اسکالر شپ نہیں دی گئیں۔ اساتذہ اور وائس چانسلر کی لڑائی سے تدریسی ماحول خراب ہورہا ہے، سندھ یونی ورسٹی کے خلاف سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔پر مظہر الحق نے بتایا کہ انھوں نے گزشتہ روز ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری کو ایس ایم ایس بھی کیا تھا کہ انھوں نے حیدرآباد میں یونی ورسٹی نہ بننے دینے کا نہیں کہا جس پر فیصل سبزوری نے انھیں وضاحت کرنے کا کہا۔پیر مظہر الحق کا کہنا تھا کہ حیدرآباد میں ایک نہیں بلکہ دو تین یونی ورسٹیاں بنائی جائیں گی ،تین دن پہلے ہی انھوں نے لطیف آباد میں یونیورسٹی بنانے کا چارٹر دیا ہے۔