Time 15 نومبر ، 2024
دلچسپ و عجیب

بحرالکاہل میں سینکڑوں سال پرانا دنیا کا سب سے بڑا مرجان دریافت

بحرالکاہل میں سینکڑوں سال پرانا دنیا کا سب سے بڑا مرجان دریافت
اس مرجان کو نیشنل جیوگرافک کے ایک ویڈیو گرافر نے دریافت کیا ہے/ فوٹو نیشنل جیوگرافک پرسٹائن سیز

سائنسدانوں نے جنوب مغربی بحر الکاہل میں سینکڑوں برس پرانا اب تک کا سب سے بڑا مرجان دریافت کر لیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق  بحرالکاہل میں 300 سال سے زیادہ پرانا اور دنیا کا سب سے بڑا مرجان دریافت کیا گیا جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ سائز میں سب سے بڑی مچھلی بلیو وہیل سے بھی بڑا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس مرجان کو نیشنل جیوگرافک کے ایک ویڈیو گرافر نے دریافت کیا، ویڈیو گرافر کے ساتھ سائنسدانوں کی ٹیم بھی موجود تھی جو بحرالکاہل کے دور دراز حصوں میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہونے والے اثرات کا مشاہدہ کرنے گئے تھے۔

سائنسدانوں نے پانی کے نیچے مرجان کی پیمائش کرنے کیلئے ایک خاص قسم کے ٹیپ کا استعمال کیا اور بتایا کہ یہ مرجان 34 میٹر چوڑا، 32 میٹر لمبا اور 5.5 میٹر اونچا ہے۔

سائنسدانوں نے  بحر الکاہل میں دریافت ہونے والے مرجان کو صحت مند قرار دیا ہے۔ 

اس حوالے سے ویڈیو گرافر مانو سان فیلکس کا کہنا تھا کہ یہ مرجان سولومن جزائز پر پایا گیا جسے دیکھ کر وہ حیران رہ گئے۔

مرجان کیا ہے؟

مرجان سینکڑوں ہزاروں جانداروں سے بنتے ہیں جنہیں پولپس کہتے ہیں، ہر ایک کا اپنا جسم اور منہ ہوتا ہے جو ایک کالونی کے طور پر اکٹھے بڑھتے ہیں۔ 

کچھ مرجان سخت اگتے ہیں اور جب ان میں سے بہت سے مرجان ایک ساتھ مل جاتے ہیں تو وہ ایک مرجان کی چٹان بناتے ہیں۔

موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سمندر کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر میں ان مرجان کے معدوم  ہونے کا خطرہ لاحق ہے۔

 اس کے علاوہ یہی مرجان بے شمار آبی جانوروں کو پناہ بھی فراہم کرتے ہیں اور یہ سمندر سے آلودگی کو صاف کرنے کا کام بھی کرتے ہیں۔

مزید خبریں :