21 دسمبر ، 2023
اٹلی کے دارالحکومت روم میں 2 ہزار سال پرانا کمرا دریافت کیا گیا ہے جس کی دیوار پر کی گئی خوبصورت نقاشی اب بھی محفوظ ہے۔
یہ ایک قدیم محل کا کمرا تھا اور ماہرین آثار قدیمہ کی جانب سے 2018 سے اس مقام کی کھدائی کا کام جاری تھا جس کے دوران یہ دریافت ہوئی۔
ماہرین کے تخمینے کے مطابق یہ کمرا 23 سو سال پرانا ہے۔
5 میٹر بڑے اس کمرے کی دیوار پر موتیوں، سیپیوں، مرجان، سنگ مر مر اور قیمتی گلاس سے دنگ کر دینے والی نقاشی کی گئی ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ یہ دریافت نقاشی کے محفوظ ہونے کی وجہ سے خاص نہیں بلکہ اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ وہاں اس عہد کی بری اور بحری جنگوں کی کامیابیوں کو نقاشی میں بیان کیا گیا ہے۔
فتوحات کی اس عکاسی نے ماہرین کو حیران کر دیا اور ان کا کہنا تھا کہ دیواروں کے مناظر حقیقی مقامات کے بھی ہو سکتے ہیں۔
ماہرین کی جانب سے اب یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ نقاشی کے لیے مرجان کو بحیرہ روم سے حاصل کیا گیا یا بحیرہ احمر سے اسے حاصل کیا گیا۔
ان کا ماننا ہے کہ وہاں موجود ایک نایاب نیلگوں پلیٹ میں جو ڈیزائن دکھایا گیا ہے وہ قدیم مصر کے شہر اسکندریہ سے لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ قدیم عہد میں طاقتور خاندان اس جگہ اکٹھے ہوتے ہوں گے اور وہاں مہمانوں کو اپنی حیثیت سے متاثر کرنے کی کوشش کرتے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہاں دیواروں میں ایسے پائپس بھی موجود ہیں جہاں سے پانی فواروں تک پہنچتا ہوگا اور مختلف کھیل کھیلے جاتے ہوں گے۔
اس طرح کے کمرے قدیم روم میں بہت عام تھے مگر نقاشی سے سجی محفوظ دیوار نے اس دریافت کو خاص بنایا ہے۔
ماہرین کو توقع ہے کہ جنوری 2024 میں اس مقام کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔
ان کی جانب سے اس مقام کی کھدائی کا کام بھی جاری رہے گا تاکہ وہاں کے مزید راز دریافت ہوسکیں۔