Time 16 نومبر ، 2024
پاکستان

کراچی: برطانوی ہائی کمیشن میں بادشاہ چارلس کی سالگرہ کی تقریب

کراچی: برطانوی ہائی کمیشن میں بادشاہ چارلس کی سالگرہ کی تقریب
فوٹو: اسکرین گریب

کراچی میں قائم برطانوی ہائی کمیشن میں بادشاہ چارلس کی سالگرہ کی تقریب ہوئی جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر کامران ٹیسوری اور دیگر شخصیات بھی شریک ہوئیں۔

کراچی میں برطانوی بادشاہ چارلس کی سالگرہ کے موقع پر برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی میزبانی کے تحت تقریب میں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور گورنر کامران ٹیسوری سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی ہائی کمشنر سارہ موونی نے میوزیکل تقریب میں گورنر سندھ کا خیر مقدم کیا، گورنر سندھ نے بادشاہ کے یوم پیدائش پر برطانوی عوام کو مبارکباد دی۔

کراچی میں قائم برطانوی ہائی کمیشن میں منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے ساتھ صحت سمیت مختلف شعبوں میں پائیدار شراکت داری ہے۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات نئی جہت میں داخل ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے تاجر سندھ میں سرمایہ کاری کریں، صوبے کے کئی شعبے سرمایہ کاری کیلئے انتہائی پرکشش ہیں، ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے۔

تقریب سے خطاب میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کا کہنا تھا کہ کراچی ایک مہمان نواز شہر ہے، اس لیے کنگ چارلس کی سالگرہ اسلام آباد کے بجائے یہاں منانے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے پاکستان کے ساتھ اقتصادی، تعلیمی اور صحت کے علاوہ ثقافتی شعبے میں بھی گہرے تعلقات ہیں۔

سالگرہ تقریب میں مختلف قونصل خانوں کے مندوبین سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

مزید خبریں :