پاکستان
25 فروری ، 2013

سپریم کورٹ نے ایم کیو ایم کی نظر ثانی کی درخواست نمٹادی

سپریم کورٹ نے ایم کیو ایم کی نظر ثانی کی درخواست نمٹادی

کراچی…سپریم کورٹ نے متحدہ قومی موومنٹ کی حلقہ بندیوں سے متعلق نظر ثانی کی درخواست واپس لئے جانے پر نمٹادی۔لارجر بینچ نے ریمارکس دیئے کہ عدالت نے 26 اور 28 نومبر2012 کو حلقہ بندی سے متعلق نہ کوئی حکم دیا اور نہ الیکشن کمیشن کا جواب مسترد کیا۔کراچی بد امنی کیس کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے سپریم کورٹ کے لارجر بینچ نے جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سماعت کی۔حلقہ بندی سے متعلق ایم کیوایم کی نظر ثانی کی درخواست پر جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا کہ 26اور28 نومبر 2012کوعدالت نے حلقہ بندی سے متعلق کوئی حکم ہی نہیں دیا تو نظر ثانی کی درخواست کا کیا جوازہے۔جسٹس سرمد جلال عثمانی نے کہاکہ 26 نومبر کو بینچ نے الیکشن کمیشن کے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور سیکریٹری الیکشن کمیشن کو وضاحت کے لئے طلب کیا ، 28 نومبر 2012 کو سیکریٹری الیکشن کمیشن نے آگاہ کیا کہ وہ حلقہ بندی کے لئے تیار ہیں۔بیرسٹر فروغ نسیم نے کہاکہ نئی مردم شماری کے بغیر حلقہ بندی نہیں ہوسکتی،جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہاکہ عدالت جانے اور الیکشن کمیشن، آپ کی درخواست کا ان سے کوئی تعلق نہیں۔الیکشن کمیشن کے سیکریٹری نے بیان دیاکہ ان پر عدالت کا کوئی دباوٴ نہیں تھا۔بینچ نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن کا موقف وطن پارٹی کیس کے جائزے میں سناجائیگا۔جسٹس سرمد جلال عثمانی نے کہاکہ عدالت وطن پارٹی کیس کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے بیٹھی ہے۔اس فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست نہیں آئی۔بعد میں بیرسٹر فروغ نسیم کی جانب سے درخواست واپس لینے پر عدالت نے نظر ثانی کی درخواست نمٹادی اور سپریم کورٹ کے لارجر بینچ نے سماعت منگل تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں :