20 نومبر ، 2024
ٹینس کی دنیا کے نامور اسٹار اور کلے کورٹ کے کِنگ اسپین کے رافیل نڈال کا انٹرنیشنل کیریئر اختتام پذیر ہو گیا۔
22 گرینڈ سلیم ،اولمپکس میں سونے کا تمغہ اور 92 اے ٹی پی ٹائٹل سمیت بے شمار اعزاز اپنے نام کرنے والے اسپینش اسٹار کو آخری میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
منگل کو کیریئر کے آخری میچ میں نڈال کو ڈیوس کپ ٹائی کے سنگلز میں ہالینڈ کے Botic van de Zandschulp نے اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی ۔
اپنے کیریئر کے آخری میچ کے بعد ٹینس کورٹ کو خیر باد کہتے ہوئے نڈال تھوڑے جذباتی بھی دکھائی دیے۔
الوداعی میچ کے بعد ٹینس ایریا میں نڈال کے شاندار کیریئر کی جھلکیاں بھی دکھائی گئیں، راجر فیڈرر، نوواک جوکووچ ، سرینا ولیمز سمیت دنیا کے نامور کھلاڑیوں نے رافیل نڈال کو خراج تحسین پیش کیا۔
نڈال نے اپنے کیریئر کا آغاز 2001 میں 15 برس کی عمر میں کیا تھا، اس دوران انہوں نے 14 فرنچ اوپن سمیت 22 گرینڈ سلیم ٹائٹل حاصل کیے، ان میں 4 یوا یس اوپن اور 2، 2 بار آسٹریلین اوپن اور ومبلڈن چیمپئن شپ بھی اپنے نام کی۔
بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے نڈال کلے کورٹ کے کِنگ کہلائے جاتے تھے، نڈال نے 38 اے ٹی پی ماسٹرز ٹائٹل کے علاوہ 2008 میں اولمپک گولڈ میڈل اور چار بار اپنے ملک کے لیے ڈیوس کپ ٹائٹل بھی جیتا، وہ 209 ہفتے انٹرنیشنل ٹینس رینکنگ میں نمبر ون بھی رہے۔
واضح رہے کہ نڈال نے گزشتہ ماہ ٹینس کے کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ وہ نومبر میں ڈیوس کپ کے بعد انٹرنیشنل ٹینس کو الوادع کہہ دیں گے۔