Time 23 نومبر ، 2024
پاکستان

ناکہ بندیوں سے مسافر پریشان، موٹر ویز کی بندش سے ایمبولینسیں بھی پھنس گئیں

ناکہ بندیوں سے مسافر پریشان، موٹر ویز کی بندش سے ایمبولینسیں بھی پھنس گئیں
ٹیکسلامیں جی ٹی روڈ کی بندش سے آکسیجن لگے نومولود کو لے جانے والی ایمبولینس بھی پھنس گئی،فوٹو: فائل

حکومتی ناکہ بندیوں سے شہری پریشان ہیں، موٹر ویز بند ہونے سے متعدد جگہوں پر ایمبولینسیں بھی پھنس گئیں۔

موٹرویز بند ہونے کی وجہ سے مختلف شہروں کو سفر کرنے والے شہری پریشان ہیں، مریضوں اور میتوں کو لے جانے والی ایمبولینسیں بھی پھنس گئیں۔

چناب ٹول پلازہ پر میت لے جانے والی ایمبولینس کو راستہ نہ ملا، ایمبولینس ڈرائیور اور لواحقین کی منت و سماجت کے بعد پولیس نے ایمبولینس کو جانے کی اجازت دی۔

 ٹیکسلامیں  جی ٹی روڈ کی بندش سے آکسیجن لگے نومولود کو لے جانے والی ایمبولینس بھی پھنس گئی ۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز  پشاور اسلام آباد اور لاہور اسلام آباد موٹرویز سمیت ملک کی 5 موٹرویز بند کردی گئی تھیں۔ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا تھا کہ موٹر ویز کو مرمت کے لیے بند کیا جارہا ہے۔

اسلام آباد میں ٹرانسپورٹ اڈوں اور موٹرویز کی بندش کے معاملے پر ٹرانسپورٹ اتھارٹی ذرائع کا کہنا  تھا  کہ روزانہ تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار افراد اسلام آباد آتے اور جاتے ہیں، اسلام آباد میں ٹرانسپورٹ اڈوں کی بندش سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہوگا۔

ذرائع ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مطابق اڈوں کی بندش سے ٹرانسپورٹرزکو 4 سے5 کروڑروپے یومیہ نقصان ہوگا۔

ذرائع کا کہنا  تھا کہ اسلام آباد کے بڑےاسپتالوں میں ہزاروں مریض روز علاج کے لیے آتے ہیں، مریضوں کی اسلام آباد سے دیگر صوبوں کو منتقلی کے لیے ایمبولینسز کی نقل و حرکت بھی متاثر ہوگی۔موٹرویز کی بندش سے گڈز ٹرانسپورٹ کا کاروبار بھی متاثر ہوگا۔

ادھر لاہور انتظامیہ  نے بھی رنگ روڈ لاہور کو  احتجاج کے پیش نظر 2 دن کے لیے بندکرنے کا اعلان کیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق رنگ روڈ لاہور 23 اور 24 نومبر کو صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک بند رہےگی۔

ایس پی سکیورٹی کے مطابق رنگ روڈ کو امن و امان کا قیام یقینی بنانےکے لیے بند کیا گیا ہے۔

دوسری جانب  مالاکنڈ میں الٰہ ڈھنڈانٹرچینج پر سوات موٹروےکو  رکاوٹیں کھڑی کرکے بندکردیا گیا۔ مسافر گاڑیاں مین جی ٹی روڈ استعمال کر رہی ہیں جس کے باعث وہاں ٹریفک شدید متاثر ہے۔

اسلام آباد کی شاہراہوں کو مختلف مقامات سے کنٹینرز  لگا کر بند کر دیا گیا ہےْ

سرینگر ہائی وے کو زیرو پوائنٹ کے مقام پر کنٹینرز لگا بند کیا گیا ہے۔ جی ٹی روڈ سے اسلام آباد آنے والا راستہ ٹی کراس پر کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا ہے۔ اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے کھنہ پل کے مقام پر کنٹینرز لگا کر دونوں اطراف سے بند کیا گیا ہے۔

فیض آباد سے اسلام آباد آنے والا راستہ بند کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد جی ٹی روڈ کو بھی مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد اور  راولپنڈی کے درمیان میٹرو بس سروس بند ہے۔ پمز سے بھارہ کہو تک گرین لائن میٹرو سروس بھی بند ہے۔

مزید خبریں :