25 نومبر ، 2024
اسلام آباد انتظامیہ نے سی آئی اے بلڈنگ آئی نائن کو سب جیل قرار دے دیا۔
جیو نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے احتجاج اور گرفتاریوں کے پیش نظر انتظامیہ نے آئی نائن میں واقع سی آئی اے بلڈنگ کو سب جیل قرار دیا ہے۔
چیف کمشنر اسلام آباد نے سی آئی اے بلڈنگ کو سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق بلڈنگ کو آرٹیکل پرزنرز ایکٹ 1894 کی سکیشن 3 کے تحت سب جیل قرار دیا گیا ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ کی درخواست پر سب جیل بنانے کی منظوری وزارت قانون اور پارلیمانی امور نے دی، حالیہ احتجاج میں گرفتار ہونے والوں کو اس سب جیل میں رکھا جائےگا۔
اسلام آباد میں احتجاج کے لیے مختلف علاقوں سے تحریک انصاف کے رہنما و کارکنان اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہیں جب کہ کچھ قافلے شہر اقتدار کے قریب بھی پہنچ چکے ہیں۔
گزشتہ رات برہان انٹرچینج کے قریب ڈھوک گھر میں رات گزارنے کے بعد پی ٹی آئی کا خیبر پختونخوا سے آنے والا ایک قافلہ دوبارہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہو گیا ہے۔
دوسری جانب حکومت نے بھی تحریک انصاف کے احتجاج سے نمٹنے کی تیاریاں مکمل کررکھی ہیں۔
آج اسلام آباد، راولپنڈی اور مری کے تمام تعلیمی ادارے بند ہیں جب کہ جڑواں شہروں میں دفعہ 144 نافذ ہونے کے باعث ہر قسم کے احتجاج اور ریلی نکالنے پر پابندی ہے۔
انتظامیہ نے راولپنڈی میں فیض آباد کو کنٹینرز لگا کر مکمل بند کیا ہوا ہے، فیض آباد کو جانے والی مری روڈ کو ڈبل روڈ کے مقام پر ٹرک کھڑے کرکے بند کر رکھا ہے جس کے سبب کام کاج کی غرض سے نکلنے والوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔