26 نومبر ، 2024
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج میں شر پسندوں کی ایکسپریس وے اسلام آباد پر آنسو گیس کے شیل فائر کرنےکی سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والے افراد تربیت یافتہ ہیں جو مہارت سے جدید اسلحہ اور آنسو گیس کے شیل فائر کر رہے ہیں، ان کو پرتشدد حملوں کے لیے لایا گیا ہے، عام آدمی اتنی مہارت سے یہ جدید اسلحہ اور شیل فائر نہیں کر سکتا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی شر پسندوں کے پاس سرکاری اور جدید اسلحہ کی فراہمی پریشان کن ہے، یہ ایک منظم حکمت عملی کے تحت لائےگئے ہیں، جن کا مقصد سکیورٹی اداروں پر حملہ آور ہو کر صورت حال میں بگاڑ پیدا کرنا ہے۔
سوال یہ ہے کہ یہ اسلحہ سرکاری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے استعمال میں ہوتا ہے، ایک عام آدمی کے ہاتھ میں اس اسلحہ کی فراہمی کس نےکی؟ کیا خیبر پختونخوا کی حکومت اپنے سرکاری وسائل ان پر تشدد کارروائیوں کے ذریعے وفاق پر حملہ آور ہونے کے لیے استعمال کر رہی ہے؟ یہ سرکاری اسلحہ کس کی ایما پر لایا گیا؟ کس نے سہولت کاری کی؟ریاست کے خلاف شر انگیزی کس کے کہنے پر کی جا رہی ہے؟
قانون نافذ کرنے والے اداروں پر کل سےکئی بار پرتشدد حملےکیے جا چکے ہیں، جن میں رینجرز کے جوانوں کی شہادتیں ہوئیں، پولیس کے جوان شہید ہوئے اور زخمی ہوئے، سرکاری املاک کو نقصان بھی پہنچایا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ریاست ان عناصر کی نشاندہی کر رہی ہے اور شر پسند عناصر کو قانون کے تحت قرار واقعی سزا دی جائےگی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اس حوالے سے پریس کانفرنس میں کہا کہ خیبرپختونخوا کے وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے، یہ دہشت گرد ہیں ان سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے، کیا یہ اسلحہ خیبرپختونخوا حکومت نے ان مظاہرین کو نہیں دیا؟