29 فروری ، 2012
اسلام آباد … پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظرثانی کیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی نے ڈیزل کی قیمت میں 30 جون تک اضافہ نہ کرنے کی سفارش کی ہے ۔ وفاقی وزیر نوید قمر کا کہنا ہے کہ حکومت کو ڈیزل پر 30جون تک ساڑھے 7 ارب روپے سبسڈی دینا ہوگی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر نوید قمر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوٴس میں ہوا،اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کمیٹی کے سربراہ نوید قمر نے بتایا کہ کمیٹی نے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ 30 جون تک نہ کرنے کی سفارش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت کم کرنے سے متعلق کمیٹی نے ابھی تجویز نہیں دی۔ نوید قمرنے کہا کہ ڈیزل پر وفاقی حکومت سبسڈی دے گی تاہم پارلیمانی کمیٹی سبسڈی میں حصہ ڈالنے کیلئے صوبوں سے بھی رابطہ کرے گی۔ نوید قمرنے کہا کہ صوبوں کا جواب آنے کے بعد دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ نوید قمرنے کہا کہ سی این جی کی قیمتوں کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کے پاس کوئی مینڈیٹ نہیں ہے۔ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں حفیظ شیخ، ریاض پیرزادہ، رانا تنویر اور ڈاکٹر فاروق ستار نے شرکت کی۔ اجلاس میں اوگرا حکام نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق بریفنگ دی۔