Time 04 دسمبر ، 2024
پاکستان

'پی ٹی آئی نے ہمیشہ ریاست کیخلاف پروپیگنڈا کیا، شاید وہ اب کبھی بھی احتجاج کی کال نہ دے سکے'

پی ٹی آئی نے ہمیشہ ریاست کیخلاف پروپیگنڈا کیا، شاید وہ اب کبھی بھی احتجاج کی کال نہ دے سکے
فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ ریاست کے خلاف پرو پیگنڈا کیا، اس کی قیادت معصوم لوگوں کو  ورغلاکر احتجاج میں لائی۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پختونوں سے متعلق پی ٹی آئی پروپیگنڈا کر رہی ہے،احتجاج کے دوران خیبرپختونخوا سے 15 سے 20 ہزار کےقریب مسلح لوگ اسلام آباد لائے گئے، جو لوگ گمراہ کرکے خیبرپختونخوا سے مسلح جتھے لائے ، وہ ذمہ دار ہیں۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ احتجاج کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ڈھائی سو کے قریب اہلکار زخمی ہوئے،  سیدھی گولیاں پی ٹی آئی والوں نے ماری ہیں، جو لوگ پورے معاشرے کو تکلیف دیتے ہیں ان کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج سے متعلق پی ٹی آئی کاکوئی انتظام نہیں تھا،وہاں ان کا رکنا مشکل تھا،تحریک انصاف کی قیادت معصوم لوگوں کو ورغلاکر احتجاج میں لائی۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اب اتنی جلدی دوبارہ احتجاج کی پوزیشن میں نہیں آئے گی، شاید اب پی ٹی آئی کبھی بھی احتجاج کی کال نہ دے سکے ،ہم  پہلے بھی ان کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار تھے، آج بھی ہیں، وزیراعظم نے ان کو مذاکرات کی دعوت دی لیکن انہوں نے انکار کیا۔

مزید خبریں :