06 دسمبر ، 2024
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے 9 مئی سانحہ پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے 9 مئی سانحہ کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ 10 دسمبر کو درخواست کی سماعت کرے گا۔
بانی پی ٹی آئی نے درخواست میں سویلین کے ملٹری کورٹ ٹرائل کو کالعدم قرار دینے کی استدعا بھی ہے۔
سپریم کورٹ میں انتخابی دھاندلی کےخلاف بانی پی ٹی آئی کی درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ 11 دسمبر کو درخواست کی سماعت کرےگا۔
سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس کے خلاف درخواستیں بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئیں۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ 12 دسمبر کو درخواستوں کی سماعت کرےگا۔
سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ 10 دسمبر کو درخواست کی سماعت کرےگا۔
تحریک انصاف کی رہنما سیمابیہ طاہر نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔
سپریم کورٹ میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی تعیناتی کے خلاف بھی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں7 رکنی بینچ 11 دسمبر کو درخواست کی سماعت کرےگا۔
سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے خیبر پختونخوا جیل منتقل کرنےکی درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ 10 دسمبر کو درخواست کی سماعت کرےگا۔
شہری نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر بانی پی ٹی آئی کی جیل سے منتقلی کی درخواست دائر کی تھی۔
سپریم کورٹ نے صحافی ارشد شریف قتل از خود نوٹس کیس بھی سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا آئینی بینچ 9 دسمبر کو ارشد شریف ازخود نوٹس کیس کی سماعت کرےگا۔
سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں کے فیصلے کےخلاف انٹرا کورٹ اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کردی گئیں۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ 9 دسمبر کو انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کرےگا۔
سپریم کورٹ میں فون ٹپینگ کا 28 سالہ پرانا مقدمہ بھی سماعت کےلیے مقرر کردیا گیا۔
فون ٹیپنگ اور جاسوسی کے آلات کی تنصیب کے خلاف سپریم کورٹ نے 1996 میں انسانی حقوق سیل میں آنے والی درخواست پر نوٹس لیا تھا۔
عدالت نے اٹارنی جنرل اور ڈی جی انٹیلی جنس بیورو کو نوٹس جاری کر دیے۔
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کے سامنے تھر کے علاقے مٹھی اسپتال میں بچوں کی اموات کا کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی بینچ 9 دسمبر کو کیس کی سماعت کرے گا۔ عدالت نے سندھ حکومت اور متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کر دیے۔
جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے مطابق جسٹس شاہد بلال کو سپریم کورٹ کے 7 رکنی آئینی بینچ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ میں جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن رضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم افغان اور جسٹس شاہد بلال شامل ہیں۔