Time 11 دسمبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

بھارتی اداکار مشتاق خان کو اغوا کیے جانے کا انکشاف، کتنا تاوان مانگا گیا؟

بھارتی اداکار مشتاق خان کو اغوا کیے جانے کا انکشاف، کتنا تاوان مانگا گیا؟
مشتاق خان کو میرٹھ میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے بہانے اغوا کرلیا گیا : مشتاق خان کے بزنس پارٹنر شیوم یادیو کی گفتگو/ فائل فوٹو

بالی وڈ کے سینئر اداکار اور کامیڈین مشتاق خان  کے بھی اغواکاروں کے ہتھے چڑھنے کا انکشاف ہوا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتاق خان کے بزنس پارٹنر شیوم یادیو نے کامیڈین کے 24 گھنٹے تک اغوا کاروں کی تحویل میں رہنے کا انکشاف کیا ہے۔

شیوم یادیو نے بھارتی میڈیا کو بتایا  کہ’مشتاق خان کو میرٹھ میں منعقدہ ایک  تقریب میں شرکت کے بہانے  اغوا کرلیا گیا تھا، اس تقریب میں شرکت کیلئے مشتاق کو ایڈوانس پیمنٹ اور ٹکٹس تک بھیجے گئے تھے‘ ۔

شیوم یادیو نے بتایا کہ ’کامیڈین مشتاق خان جب دہلی پہنچے تو انہیں بذریعہ کار بجنور  پہنچایا گیا جہاں پہنچ کر اغواکاروں نے مشتاق کو تشدد  کا نشانہ بنایا اور  ایک کروڑ بھارتی روپے تاوان طلب کیا‘۔

 مشتاق خان کے بزنس پارٹنر کا بتانا ہے کہ ’اغوا کار مشتاق کو تقریباً 12 گھنٹے تک تشدد کا نشانہ بناتے رہے، اس دوران انہوں نے  ایک کروڑ روپے کے  تاوان کا مطالبہ کیا اور بلآخر وہ کامیڈین اور ان کے بیٹے کے اکاؤنٹ سے 2 لاکھ روپے  نکالنے میں کامیاب ہوگئے‘۔

مشتاق خان کے اغوا کاروں کی گرفت سے بھاگ نکلنے سے متعلق شیوم یادیو نے بتایا کہ’  اغوا کیے جانے کے بعد اگلی صبح فجر کی اذان سن کر مشتاق نے محسوس کیا کہ مسجد   قریب ہے اور آس پاس کوئی موجود بھی نہیں لہٰذا وہ وہاں سے بھاگ نکلے، ان کا فرار کسی  ہندی فلم کے سین جیسا ہی تھا، مسجد پہنچ کر انہوں نے وہاں کے لوگوں اور پولیس کی مدد لی اوربحفاظت گھر پہنچ گئے‘۔

شیوم یادیو کے مطابق مشتاق خان نے اپنے اغوا ہونے سے متعلق ایف آئی آر درج کروادی ہے اور پولیس اغواکاروں کی تلاش کررہی ہے۔

سالگرہ کے بہانے سنیل پال کے  اغوا کا واقعہ 

واضح رہے کہ چند روز قبل بھارت کے ہی معروف اسٹینڈ اپ کامیڈین اور اداکار سنیل پال  کو سالگرہ کی تقریب میں بلانے کے بہانے اغوا کیا گیا تھا اور وہ تاوان دے کر گھر واپس آئے۔


مزید خبریں :