04 دسمبر ، 2024
بھارت کے معروف اسٹینڈ اپ کامیڈین اور اداکار سنیل پال منگل کو اچانک لاپتا ہونے کے اب بحفاظت گھر پہنچ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق منگل کو سنیل پال کی اہلیہ سریتا نے ممبئی میں شوہر کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 49 سالہ سنیل پال ایک شو کے لیے ممبئی سے باہر کسی دوسرے شہر گئے تھے، انہوں نے اہلیہ کو بتایا تھا کہ وہ 3 دسمبر کو گھر واپس لوٹیں گے لیکن وہ نہیں پہنچے۔
اہلیہ نے بتایا تھا کہ بار بار سنیل سے رابطہ کرنے کے باوجود ان کے نمبر سے جواب نہیں مل رہا۔
تاہم بدھ کو سنیل پال کی اہلیہ نے انکشاف کیا کہ سنیل بحفاظت گھر واپس آگئے ہیں۔
لیکن اب ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں کامیڈین سنیل پال نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں نئی دہلی میں اغوا کیا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں سنیل نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ مجھے 2 دسمبر کو نئی دہلی سے اغوا کیا گیا تھا لیکن اب میں بحفاظت گھر واپس آ گیا ہوں، میں نے پولیس کو اپنا بیان دے دیا ہے، پولیس کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات شیئر کروں گا۔
انہوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور دعاؤں کی اپیل کی۔ اغوا کے بارے میں مزید تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا مجھے نئی دہلی کی حدود سے اغوا کیا گیا، باقی باتیں بعد میں بتاؤں گا۔
سنیل پال نے 2005 میں دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج میں حصہ لیا تھا اور انہوں نے یہ شو جیت کر شہریت کی بلندیاں حاصل کیں۔
اس کے بعد انہوں نے فلم 'ہم تم' اور 'پھر ہیرا پھیری' جیسی فلموں میں معاون کردار نبھائے، انہوں نے 2017 میں مشہور فلمساز انیس بزمی پر پرفارمنس کی رقم ادا نہ کرنے کا معاملہ بھی درج کروایا تھا۔
ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ میرے 20 سے 25 لاکھ روپے مختلف پروڈیوسرز کے ساتھ مارکیٹ میں پھنسے ہوئے ہیں، ادائیگی میں تاخیر عام بات ہے لیکن انیس بزمی جیسا پروڈیوسر جو کروڑوں میں کھیلتا ہے وہ بھی یہ برتاؤ کرے تو ناقابل معافی ہے۔