11 دسمبر ، 2024
بالی وڈ سپر اسٹار رنویر سنگھ کی والدہ نے رنویر اور دپیکا پڈوکون کی بیٹی کی پیدائش کو 3 ماہ مکمل ہونے کی خوشی میں اپنے سر کے بال عطیہ کر دیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رواں سال 8 ستمبر کو رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی جس کا نام دعا رکھا گیا۔
رنویر اور دپیکا کی بیٹی اب 3 ماہ کی ہوگئی ہے جس کی خوشی میں رنویر سنگھ کی والدہ اور دعا کی دادی نے پوتی سے محبت کا اظہار منفرد طریقے سے کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رنویر کی والدہ انجو بھوانی نے پوتی کی پیدائش کو 3 ماہ مکمل ہونے پر اپنے سر کے کچھ بال عطیہ کر دیے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ رنویر کی والدہ نے انسٹاگرام پر اسٹوری اپ لوڈ کی جس میں انہیں ایک تصویر اپنے سر کے کچھ بال کٹواکر ہاتھ میں پکڑے دیکھا گیا اور ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ یہ بال میں نے عطیہ کردیے۔
رنویر کی والدہ نے ایک اور انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ 3 ماہ مکمل ہونے پر میری پیاری دعا کو مبارک ہو۔
ساتھ ہی انہوں نے اس دن کی اہمیت کے بارے میں بتایا اور مزید کہا کہ امید ہے کہ یہ میرا چھوٹا سا عمل کسی ایسے شخص کو سکون اور اعتماد دے سکے جو مشکل وقت سے گزر رہا ہو۔
واضح رہے کہ رنویر اور دپیکا پڈوکون کی شادی 2018 میں اٹلی میں ایک پُروقار تقریب میں ہوئی تھی۔
رواں سال فروری میں جوڑی نے اعلان کیا تھا کہ اُن کے ہاں ستمبر میں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔