27 فروری ، 2013
اسلام آباد…پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے ایڈیشنل سیکرٹری قمر سہیل لودھی کا کہنا ہے کہ پی اے سی کی ہدایات عمل درآمدکیلئے متعلقہ وزارتوں کونہیں بھیجی جاتیں ، انہیں ایک ڈپٹی سیکرٹری کے کمرے میں رکھ دیاجاتاہے۔پبلک اکاونٹس کمیٹی کا چیئرمین ندیم افضل چن کی صدارت میں اجلاس ہوا ،جس میں ایڈیشنل سیکریٹری نے بتایا کہ پی اے سی کی ہدایات متعلقہ اداروں کے علاوہ اسمبلی سیکرٹریٹ کے متعلقہ حکام کو بھی نہیں بھیجی جاتی تھیں، اس پر کمیٹی کے ارکان نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمل درآمد نہ کرنے والے اداروں اور سیکرٹریز کی تفصیلات پیش کی جائیں اور یہ بھی بتایا جائے کہ کن ہدایات پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ آڈٹ حکام نے بتایا کہ پی اے سی کی ہدایت پر مئی 2012 سے جنوری 2013 تک 23 ارب 18 کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی ہے۔