Time 15 دسمبر ، 2024
پاکستان

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما صدیق الفاروق انتقال کرگئے

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما صدیق الفاروق انتقال کرگئے
صدیق الفارق سابق وزیراعظم نوازشریف کے پریس سیکرٹری اورچیئرمین متروکہ وقف املاک بھی رہے/ فائل فوٹو

راولپنڈی: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما صدیق الفاروق انتقال کر گئے۔ 

صدیق الفاروق کے خاندانی ذرائع نے بھی مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کچھ عرصے سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ مرحوم لیگی رہنما کی نماز جنازہ کے وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ 

واضح رہے کہ صدیق الفاروق سابق وزیراعظم نوازشریف کے پریس سیکرٹری اورچیئرمین متروکہ وقف املاک بھی رہے، صدیق الفاروق نے 3 سال جیل بھی کاٹی جبکہ وہ ایک کتاب کے بھی مصنف تھے۔

صدیق الفاروق  کے انتقال سے ن لیگ مخلص اور زیرک سیاستدان سے محروم ہو گئی: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر  رہنما صدیق الفاروق کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا مرحوم صدیق الفاروق کی پاکستان مسلم لیگ ن کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، صدیق الفاروق کے انتقال سے پارٹی ایک مخلص اور زیرک سیاستدان سے محروم ہوگئی، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائیں۔

 صدیق الفاروق پختہ نظریات اور وفا کا پیکر تھے: سینیٹر عرفان صدیقی

سینیٹر عرفان صدیقی نے مسلم لیگ (ن) کے سابق سیکرٹری اطلاعات صدیق الفاروق کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ صدیق الفاروق پختہ نظریات اور وفا کا پیکر تھے، صدیق الفاروق نے مشکل ترین حالات میں آمریت کا مثالی جرات سے مقابلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا صدیق الفاروق نے قیدکی مشکلات جھیلیں لیکن نواز شریف کے خلاف سلطانی گواہ بننے سے انکار کیا، صدیق الفاروق بنیادی طورپرقلم کار مجاہد تھے اور عمر بھریہی اوڑھنا بچھونا رہا، ان کی وفات صحافت، سیاست اور شرافت کا بڑا نقصان ہے۔

سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا جمہوریت اور مسلم لیگ (ن) کیلئے صدیق الفاروق کی قربانیاں اور خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

مزید خبریں :