17 دسمبر ، 2024
لاہور ہائیکورٹ نے نئے ججز کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن میں چیف جسٹس کے نام کے ساتھ ’آنر ایبل‘ نہ لکھنے کے معاملے پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کوعدالتی معاونت کی ہدایت کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے آفاق احمد ایڈووکیٹ کی درخواست پر آفس اعتراض کی سماعت کی۔
سیکرٹری جوڈیشل کمیشن نیاز محمد خان کےخلاف توہین عدالت کی درخواست پر اعتراض کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کوعدالتی معاونت کی ہدایت کی۔
عدالت نے ہدایت کی کہ اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے کی روشنی میں عدالت کی معاونت کی جائے۔
خیال رہے کہ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ نئے ججز کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن میں چیف جسٹس کےنام سے پہلے آنرایبل نہیں لکھاگیا، چیف جسٹس یا ججز کےنام سے پہلے آنرایبل لکھنا قانونی تقاضہ ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مبہم نوٹیفکیشن جاری کرنے پر سیکرٹری جوڈیشل کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض لگایا تھا اور کہا تھاکہ نوٹیفکیشن درست جاری ہوا درخواست ناقابل سماعت ہے۔