18 دسمبر ، 2024
کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے پانی سپلائی کرنے والی 84 انچ قطر کی اہم پانی کی لائن پھٹنے کے باعث کراچی کے کئی علاقوں میں پانی کی فراہمی بدستور بند ہے۔
حکام کے مطابق متاثرہ لائن گلستانِ جوہر، گلشنِ اقبال، بہادرآباد، لائنز ایریا اور لیاری سمیت شہر کے دیگرعلاقوں کو پانی سپلائی کرتی ہے اور حالیہ نقصان ریڈ لائن منصوبے کے دوران ہونے والے کھدائی کی وجہ سے ہوا، روزانہ 150 ملین گیلن پانی ضائع ہو رہا تھا۔
کراچی واٹر کارپوریشن کے حکام نے دعویٰ کیا کہ متاثرہ لائن کے 3 میں سے 2 رساؤ ٹھیک کردیے گئے ہیں بدھ تک تیسرے رساؤ کی مرمت مکمل کرکے پانی کی فراہمی بحال کردی جائے گی۔
واٹر کارپوریشن کے تنویر شیخ نےدعویٰ کیا کہ مرمتی کام 24 گھنٹے جاری رہا، 300 سے زائد مزدوروں اور بھاری مشینری کا استعمال کیا گیا، ڈرلنگ کے دوران 16 فٹ کا شگاف پڑنے سے مرمت میں وقت لگا۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے دو لائنوں کی مرمت مکمل کرلی ہے، تیسرے مقام پر کام تیزی سے جاری ہے، بدھ کی رات تک پانی بحال کر دیا جائے گا اور جمعرات سے پانی مکمل طور پر کھول دیا جائے گا۔
متاثرہ علاقوں کے شہریوں سے حکام نے پانی کا محتاط استعمال کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ مرمت مکمل ہونے تک مشکلات کا سامنا نہ ہو۔