18 دسمبر ، 2024
لیزر شعاعوں کے بارے میں تو آپ نے کافی کچھ سنا ہوگا یا ہوسکتا ہے کہ اسے دیکھا ہو۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ یہ ٹیکنالوجی کتنی پرانی ہے اور لیزر کن الفاظ کا مخفف ہے؟
جی ہاں واقعی لیزر نام نہیں بلکہ چند الفاظ کا مخفف ہے۔
اس سے پہلے یہ جان لیں کہ یہ ٹیکنالوجی محض 60 سال پرانی ہے اور سبز لیزر شعاعیں تو کافی نئی ہیں۔
پہلی حقیقی سبز لیزر کا مظاہرہ 2009 میں کیا گیا تھا۔
ویسے لیزر شعاعیں ہوتی کیا ہیں؟ یقیناً یہ روشنی کی ایک قسم ہے۔
لیزر پر تحقیقی کام کرنے والے امریکی ادارے National Ignition Facility & Photon Science (این آئی ایف) کے مطابق 'ایک لیزر اس وقت بنتی ہے جب مختلف میٹریلز جیسے گلاس، کرسٹل یا گیس کے ایٹمز میں موجود الیکٹرونز کسی برقی رو یا روشنی سے توانائی کو جذب کرتے ہیں، یہ اضافی توانائی الیکٹرونز کو اس طرح متحرک کرتی ہے کہ وہ ایٹم کے نیوکلیس کے گرد زیادہ طاقت سے گردش کرنے لگتے ہیں'۔
جب الیکٹرونز اپنی اصل حالت میں واپس آتے ہیں تو وہ اسی توانائی سے فوٹونز خارج کرتے ہیں۔
این آئی ایف نے مزید بتایا کہ ایک لیزر بیم فوٹونز کی ایسی بیم ہوتی ہے جو ایک ویو لینتھ پر ایک جانب آگے بڑھتی ہے، اسے ٹھوس مادوں جیسے گلاس یا گیس کے ذریعے بھیجا جاتا ہے۔
جہاں تک لیزر کے مخفف کی بات ہے تو یہ Light Amplification by Stimulated Emission of Radiation الفاظ کا مخفف ہے جس میں سے ایل، اے، ایس، ای اور آر کو لے کر لیزر بنا دیا گیا ہے۔
اس مخفف کا پہلی بار استعمال 1960 میں اس نئی ایجاد کی وضاحت کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔